وعدہ کرتا ہوں نوجوانوں کو روزگار ضرور فراہم کریں گے، عثمان ڈار

Last Updated On 17 February,2020 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی بھی نوجوانوں کے مستقبل کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ نوجوانوں کو روزگار ضرور فراہم کریں گے۔ ہم نے ذمہ داری، سمجھداری اور ایمانداری سے کامیاب نوجوان پروگرام میں حصہ لینا ہے۔

عثمان ڈار کا نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے۔ ہنرمند پاکستان کی چھتری تلے کامیاب جوان پروگرام میرا پسندیدہ پروجیکٹ بن گیا ہے۔ اس پروگرام کو تحریک کے طور پر لے کر چلوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے نوجوانوں کو تیار کریں گے۔ وزیراعظم نوجوانوں کیساتھ وعدہ کرکے آئے تھے۔ انٹرشپ کرنے والے طلبہ کو ناصرف مہارت سکھائی جائیگی بلکہ صحت سے متعلق مختلف پروگرامز سے متعارف کروایا جائے گا۔
 

Advertisement