کوئٹہ: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تفتان بارڈر عارضی طورپر کھلنے کے بعد پھر بند ہوگیا۔ 15 روز سے آئسولیشن میں موجود 252 زائرین کی اسکریننگ مکمل کر لی گئی۔
تفتان بارڈر پر ساتویں روز بھی آمدورفت بند رہی، 252 زائرین کو مکمل سکریننگ کے بعد کوئٹہ بھیج دیا گیا۔ محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق پاکستان ہاؤس میں پہلے سے موجود زائرین میں تمام افراد کے ٹیسٹ لئے گئے، جس میں کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں، ان زائرین کو گزشتہ 15 روز سے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا جس کے بعد ایران نے 300 سے زائد پاکستانی زائرین کو زیرو پوائنٹ پر لا کر چھوڑ دیا تھا، ان زائرین کو ویزے کی مدت ختم ہونے پر زیروپائنٹ کی طرف روانہ کیا گیا۔
پاکستانی حکام نے ان زائرین کو پاکستان آنے کی اجازت دی جس کے بعد سرحدی گیٹ کو کچھ دیر کیلئے کھولا اور پھر بند کر دیا گیا۔ ان تمام زائرین کو پاکستان ہاؤس منتقل کیا گیا، نئے آنے والے زائرین کی 48 گھنٹے کے بعد سکریننگ کی جائے گی۔