بیجنگ: (دنیانیوز) چین میں کرونا وائرس سے مزید 47 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 835 تک تجاوز کرگئی۔
چین میں 427 نئے کیس سامنے آگئے جبکہ متاثرین کی تعداد 79 ہزار 251 ہوچکی ہے، چین نے گزشتہ ایک ماہ سے صوبہ ہبئی میں چھپن ملین افراد کو لاک ڈاؤن میں رکھا ہوا ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا کے مزید 594 کیس کی تشخیص کے بعد کرونا کے شکار افراد کی تعداد 2 ہزار 937 ہوگئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 16 ہے۔
تیسرے امریکی شہری میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، برطانیہ میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 20 ہوچکی ہے۔ برطانوی جریدے کا دعویٰ ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے 210 مریض ہلاک ہوچکے ہیں تاہم ایران نے دعویٰ مسترد کر دیا۔
عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو بہت بلند قرار دے دیا، یہ خطرے کی پیمائش کا سب سے اوپر کا درجہ ہے تاہم ابھی اسے عالمی وبا قرار نہیں دیا گیا، اب تک 60 سے زائد ممالک میں یہ وائرس رپورٹ ہو چکا ہے، دنیا بھر میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 84 ہزار 117 ہوگئی۔
چین کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچنے والے منگولیا کے صدر کو کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا۔