اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر کا دورہ پاکستان مکمل ہو گیا۔
دورے کے دوران نمائندہ خصوصی یوسف الدوبئے نے وزیراعظم عمران ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندوں نے وفد کو جموں و کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کیا، پاکستانی قیادت نے کشمیریوں کی حمایت پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نمائندہ خصوصی کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے حقوق کے لیے اُمت مسلمہ اور او آئی سی کی طرف دیکھ رہےہیں، وفد نے آزاد کشمیر کے صدر و وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں اور ایل او سی کا دورہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نمائندہ خصوصی کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہریوں کے جانی و مالی نقصان سے آگاہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نمائندہ خصوصی نے بتایا کہ کشمیر اور فلسطین کا معاملہ او آئی سی کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، یقین ہے کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔