اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور چیئر مین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ٹیلیفونک گفتگو میں کرونا وائرس کے باعث پیدا صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان میڈیا انڈسٹری کو در پیش مسائل اور واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے میڈیا ہاؤس کے واجبات کی ادائیگی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کے جائز واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، حکومت بھرپور تعاون کرے گی، کرونا وائرس سے متعلق میڈیا ہاوسز عوامی شعور اور کو آگاہی کے لیے پبلک سروس پیغامات نشر کریں، پوری قوم اور میڈیا مل کر کرونا وائرس جیسی وباء کا مقابلہ کریں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت وائرس کی روک تھام کے لئے ہر سطح پر جامع اقدامات اٹھا رہی ہے، پی بی اے بھی کرونا وائرس کی روک تھام میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔