لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وباء کی صورتحال پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاکر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاون ہوگا یانہیں ؟ حکومتی حکمتِ عملی واضع کی جائے، وزیراعظم کے قوم سے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھا دیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے، کورونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لئے فوری پارلیمانی مونٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے،کورونا پہ پارلیمانی صحت کی قائمہ کمیٹی کا ویڈیو لنک پہ فی الفور اجلاس بلایا جائے۔