اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم سے کئے وعدے کے مطابق چینی اور گندم بحران کی رپورٹ عام کر دی، ابتدائی رپورٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد کارروائی ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کو بغیر تاخیر اور کسی ٹیمپرنگ سے پہلے عوام کے لئے جاری کیا گیا، اس اقدام کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ماضی کی لیڈرشپ میں اپنے مفادات کے تحت ایسا کرنے کی اخلاقی جرات نہیں تھی، بااختیار کمیشن کے ذریعے فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے جو 25 اپریل تک مل جائے گی۔
میں کسی بھی کارروائی سے پہلے اعلیٰ سطحی کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کے نتائج کا منتظر ہوں جو 25 اپریل تک مرتب کرلئے جائیں گے۔ ان نتائج کے سامنے آنے کے بعد کوئی بھی طاقتور گروہ (لابی) عوامی مفادات کا خون کرکے منافع سمیٹنے کے قابل نہیں رہے گا، انشاءاللہ۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 5, 2020
وزیراعظم نے قوم کو یقین دلایا کہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد کارروائی ہوگی، کوئی طاقتور لابی ہماری عوام سے ناجائز منافع نہیں حاصل کر سکے گی۔