لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سرکاری افسران اور ملازمین نے 120 کروڑ روپے کا چیک چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں عطیہ کر دیا۔ چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان نے چیک وزیراعلی کو پیش کیا۔
گریڈ 1 سے گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں عطیہ کی، گریڈ 17 سے گریڈ 19 کے سرکاری افسران نے 2 دن جبکہ گریڈ 20 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران نے 3 دن کی تنخواہ فنڈ میں دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا مشکل کی گھڑی میں کمزور طبقات کی مدد کرنے والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے، کورونا کے متاثرین کی مدد کے لئے فنڈ کی رقم مستحق لوگوں تک پہنچے گی، پنجاب حکومت کورونا وباء کی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، نادار، غریب اور بے سہارا افراد کو کسی صورت حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے مزید کہا سرکاری ملازمین نے اپنی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کر کے متاثرین کی مدد کیلئے ایثار کی اعلی مثال قائم کی ہے، امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، فنڈ میں عطیہ کی جانے والی ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائیں گے، ریلیف کے کاموں میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی، کورونا کے سدباب، علاج اور ریلیف کے کاموں پر پورا فوکس ہے، مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں، دین اسلام بھی آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔