اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئر پرسن مسابقتی کمیشن ودیا خلیل اور دیگر دو ارکان کی تقرری کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ مسابقتی کمیشن کے خالی عہدوں پر قواعد و ضوابط کے مطابق فوری نئی تعیناتی کی جائے۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 3 فروری 2020ء کا سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد 14 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
فنانس ڈویژن نے 15 اکتوبر 2018 کو چئیر پرسن مسابقتی کمیشن اور 2 ارکان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 3 فروری 2020ء کو برطرفی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر چیئر پرسن اور ارکان کی بحالی کا حکم دیا تھا۔