اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں وزیراعظم کی طرف سے مزدوروں کو 200 ارب روپے کی کیش گرانٹ تقسیم کی سمری پر غور ہوگا، مسابقتی کمیشن کو مکمل طور پر خود مختار اور فعال بنانے کیلئے سفارشات کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے، بلوچستان کے 19 منصوبے مکمل کرنے کیلئے 60 کروڑ روپے گرانٹ دینے کی منظوری دی جائے گی۔
حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پاکستان کے ماحولیات نظام کی بحالی کے منصوبے کیلئے نرم شرائط پر قرض فراہمی پر غور کیا جائے گا، فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان کے ہیلی کاپٹر مرمت کیلئے 70 لاکھ گرانٹ کی منظوری دی جائے گی، ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی قیام کیلئے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے اجرا کی منظوری دی جائے گی، ای او بی آئی کے نظرثانی شدہ بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔