اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ پر 10 کروڑ روپے اخراجات کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی ذرائع کے مطابق 10 میں سے 6 کروڑ روپے کنٹینر مالکان کو ادا کئے جائیں گے، دھرنے اور لانگ مارچ کے اخراجات کے حوالے سے مستقل حل نکالا جائے، ہر مرتبہ کنٹینرز مالکان کو بلا وجہ کروڑوں روپے نہیں دے سکتے، وفاقی وزیر شیخ رشید نے حکومت کو کنٹینرز خود خریدنے کی تجویز دی۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے 6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کیلئے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، بنولا پر 5 فیصد سیلز ٹیکس چھوٹ کی سمری پر اصولی اتفاق کیا گیا، بنولا پر سیلز ٹیکس چھوٹ کے معاملے پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا جائے گا، سیکرٹری خزانہ آئندہ اجلاس میں سیلز ٹیکس چھوٹ پر رپورٹ پیش کریں گے۔