اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیٹرولیم مصنوعات پر او ایم سی، ڈیلرز مارجن پر نظرثانی کی سمری ایجنڈے میں شامل، بحری جہازوں کی درآمد کو جی ایس ٹی اور کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کی سمری پر غور کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت مشیر خزانہ حفیظ شیخ کریں گے۔ اجلاس میں پٹرول اور ڈیزل پر او ایم سی اور ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 25 پیسے، پپٹرول پر ڈیلرز مارجن میں 34 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 29 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
بحری جہازوں کی درآمد کو جی ایس ٹی اور کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کی سمری پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے واپڈا پر 1 ارب روپے سے زائد واجبات اور حبیب اللہ کوسٹل پاور کمپنی کو گیس فراہمی کی سمری پیش کی جائے گی۔
ای سی سی اجلاس میں چھابڑو اور گندان واری فیلڈز سے سوئی سدرن کو گیس فراہمی کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وزارت صحت اور انسانی حقوق کو ضمنی گرانٹ فراہمی کی سمریاں ایجنڈے میں شامل ہے۔