اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چینی درآمد کرنے کی ‏سمری موخر کر دی

Last Updated On 10 February,2020 08:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چینی درآمد کرنے کی ‏سمری موخرکردی۔ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ چینی کے آئندہ تین ماہ ‏کے ذخائردستیاب ہیں، وزارت صنعت و پیداوار چینی کی قیمتیں کنٹرول کرے۔

مشیرخزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی کا) ا جلاس ہوا، اجلاس کے دوران چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ چینی درآمد کرنے کی ‏سمری موخرکرتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں 20 لاکھ ٹن ‏سے زائد چینی کے ذخائردستیاب ہیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کوبتایا گیا کہ ملک میں چینی کے آئندہ تین ماہ کے ذخائردستیاب ہیں جبکہ ماہانہ ضرورت 4 لاکھ 80 ہزارٹن ہے۔ چینی کی درآمد کی ضرورت ہوئی تو سمری دوبارہ ای سی سی میں لائی جائے گی۔ درآمد کی گئی چینی کی قیمت 79 روپے کلو ہو گی۔

کمیٹی کوبتایا گیا کہ 11 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن ساڑھے تین لاکھ ‏ٹن کم چینی ملک سے باہر بھیجی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت صنعت و ‏پیداوار کو بھی ہدایت کی کہ چینی کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں۔

ای سی سی نے وزیراعظم ہنر مند پروگرام کیلئے 3 ارب 30 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری جبکہ ریکوڈک کیس کے اخراجات کی مد میں وزارت قانون کیلئے دس لاکھ ڈالر (تقریباً 15 کروڑروپے) کی اصولی منظوری بھی دے دی۔۔
 

Advertisement