اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکچ کی منظوری دے دی گئی، کورونا کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکچ منظور کیا گیا ہے۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے، برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100ارب، زراعت اور ایس ایم ایز کیلئے 100ارب روپے، یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 50ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280 ارب روپے، ایک کروڑ بیس لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد کی منظوری دے دی گئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے 70ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
بجلی اور گیس بلوں میں ریلیف کیلئے 110 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے، ہنگامی فنڈز کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ این ڈی ایم اے کو 25ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔