چاند نظر نہیں آیا، یکم رمضان المبارک بروز ہفتہ مورخہ 25 اپریل ہوگی

Last Updated On 23 April,2020 09:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے پاکستان میں یکم رمضان المبارک کا آغاز 25 اپریل بروز ہفتہ سے ہوگا۔

1441 ہجری کے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی، اس میں تمام مکاتب فکر کے علما بھی شریک ہوئے جبکہ پورے پاکستان میں زونل کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے۔

اجلاس میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات، وزارت مذہبی امور، سپارکو اور نیوی کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک بھر سے رمضان کے چاند کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔

کراچی میں منعقد ہونے والے مرکزی رویت کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے ماہ صیام کا چاند نظر نہ آنے کی شہادتیں اکھٹی کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں، ہفتے کو پہلا روزہ ہوگا: محکمہ موسمیات

چاند دیکھنے کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ پشاورسمیت کسی بھی مقام سے چاند نظرآنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم رمضان25اپریل بروزہفتہ کوہوگا، تمام مساجدکی انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 20 نکات جاری کیے ہیں، ہم سب نے 20 نکات پرعمل کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مساجد میں ایس اوپیزپرمکمل عمل کرنا ہوگا، 20نکاتی منشورکی پابندی نہیں کریں گے توکارروائی ہوگی، اگر20نکات پرعمل نہیں ہوگا توپھرکارروائی کی کوئی شکایت نہیں کرے گا۔

چیئر مین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ 20نکاتی منشورمیں کہا گیا ہے، عمررسیدہ لوگ پابندی کرکے گھروں میں نمازپڑھیں، نابالغ بچے مساجد میں نہ آئیں، جن کوسانس کی بیماری،نزلہ،زکام،کھانسی کی شکایات مسجد میں نہ آئیں۔ ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف، افواج پاکستان کوسلام پیش کرتے ہیں۔

مفتی منیب الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ تمام مساجد سے کلین،دریاں اٹھالی جائیں، تمام مساجد کے دروازوں پرسینی ٹائزرکا بندوبست ہونا چاہیے، جراثیم کش سپرے کے ذریعے مساجد کودھونا چاہیے۔ وزیراعظم آجکل عطیات اکٹھے کررہے ہیں، عوام دل کھول کرعطیات دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے 80 فیصد علاقوں میں جمعرات کو مطلع صاف ہوگا۔ صرف شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بادل ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمر کم ہوگی جبکہ انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ بتایا گیا تھا کہ جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی۔

ادھر وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو جمعرات 23 اپریل کو پشاور شہر میں غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے واضح ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔ افق پر اس کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی ناممکن ہے۔
 

Advertisement