لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اس وبا سے متاثر افراد کی تعداد 10825 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ پنجاب میں 4590، صوبہ سندھ میں 3671، خیبر پختونخوا میں 1453، صوبہ بلوچستان میں 552، گلگت بلتستان میں 290، اسلام آباد میں 214 جبکہ آزاد کشمیر میں 55 افراد اس موذی مرض سے متاثر ہو چکے ہیں۔
اب تک 228 افراد اس مرض سے لڑتے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 302 نئے کیس سامنے آئے، 4 ہلاکتیں ہوئیں اور 6700 نئے ٹیسٹ کیے گئے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت تک ملک بھر میں 124549 لوگوں کا طبی معائنہ کیا جا چکا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 73، صوبہ پنجاب میں 58، اسلام آباد میں 3، صوبہ بلوچستان میں 8، خیبر پختونخوا میں 83 اور گلگت بلتستان سے 3 افراد اس دارفانی سے جا چکے ہیں۔ تاہم آزاد جموں وکشمیر سے ابھی تک کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 لاکھ 37 ہزار 888 ہو گئی ہے۔ اس وقت تک ایک لاکھ 84 ہزار 235 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد میں سے 7 لاکھ 17 ہزار 819 صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 55 نئے کیسز سامنے آ گئے
بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 55 نئے کیسز سامنے کے بعد متاثرین کی تعداد 607 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ مزید 55 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 607 ہو گئی ہے، 18437افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں 5897 کی رپورٹ نیگٹو آئی ہے۔ مشتبہ مریضوں کی تعداد 8358 ہے۔ کورونا سے اب تک 174 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔