استنبول: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث کروڑوں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ،اس دوران متعدد ممالک اپنی عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے سہولیات دے رہے ہیں، اسی طرح ترکی میں لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ایک مسجد کو عارضی طور پر سپر مارکیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں کورونا کے باعث دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے وہاں بھی غریب افراد کھانے پینے کی ضروری اشیاء سے محروم ہو چکے ہیں جن کی مدد کے لیے ہر ممکن کوششں کی جا رہی ہیں۔
ایسے میں ترکی کے شہر استنبول میں واقع دیدیمن مسجد غریبوں کی مدد کے لیے عارضی طور پر سپر مارکیٹ میں تبدیل ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دیدیمن مسجد کے احاطے میں رکھے ریکس کو راشن سے بھر دیا گیا ہے تاکہ مستحقین آئیں اور ضروری اشیاء اپنے ساتھ گھر لے جائیں۔ ان ریکس میں دالیں، چاول، آٹا، پاستا، مشروب کی بوتلیں، بسکٹس اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء رکھی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق راشن کی تقسیم سے متعلق امام مسجد کا کہنا ہے کہ جب سے مساجد میں باجماعت نماز پر پابندی عائد کی گئی تو میرے ذہن میں آیا کیوں نا ان ریکس کو راشن سے بھر دیا جائے تاکہ نادار افراد داخلے کے احاطے سے ہی ضروری اشیاء لے کر روانہ ہو جائیں اور سماجی فاصلہ بھی برقرار رہے۔
راشن لینے کے دوران صرف دو ضرورت مندوں کو ماسک اور گلوز کے ساتھ اندر بلایا جاتا ہے باقی افراد جب تک باہر انتظار کرتے ہیں تاکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جو احیتاطی تدابیر ہیں ان پر بھرپور عمل کیا جائے۔
امام مسجد کا کہنا تھا کہ اس کارخیر میں دنیا بھر کے تمام مخیر حضرات اور فلاحی ادارے شامل ہو سکتے ہیں، ہم کسی سے رقم نہیں لیں گے بلکہ اشیاء کی صورت میں مدد کی جا سکتی ہے۔
مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مستحقین میں راشن تقسیم کرنے کے لیے باقاعدہ لسٹ بھی تیار کی گئی تھی تاکہ انہیں پیغام بھیجا جائے کہ وہ مسجد آکر سامان لے سکتے ہیں جس کے لیے مقامی حکام سے رابطہ اور مشاورت کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سروس گزشتہ دو ہفتوں سے جاری ہے اور ہر روز 120 نادار افراد اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔