لاہور: (روزنامہ دنیا) کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے پاکستان میں آن لائن کاروبار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ ماسک اور سینی ٹائزر ہی نہیں پھلوں اور سبزیوں کی خریداری کے ساتھ ساتھ غریبوں کو راشن بھی آن لائن سروس کے ذریعے ہی پہنچایا جا رہا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران پاکستانی صارفین کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے روایتی طور پر عام دنوں میں سب سے زیادہ خریدی جانے والی اشیا یعنی فیشن والے کپڑے، موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور ڈیجیٹل گیجٹس وغیرہ کی خریداری سے مکمل طور پر ہاتھ کھینچ لیا ہے لیکن ہینڈ سینی ٹائزر اور صابن جیسی مصنوعات کی آن لائن سیل میں 18 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ تازہ سبزیوں اور پھلوں کی آن لائن خریداری میں 9 گنا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسی طرح فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز، جس میں گروسری سے متعلقہ اشیا آتی ہیں کی سیل میں بھی بہت زیادہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بہت سے گاہک فلمیں، ای بکس، ورزش کا سامان اور ان ڈور کھیلوں کا سامان بھی خرید رہے ہیں۔ ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں آن لائن بزنس کے سب سے بڑے ادارے کے چیف مارکیٹنگ آفیسر عمار حسن نے بتایا کہ ان کے ادارے کا پاکستان کی آن لائن مارکیٹ میں شیئر 85 فیصد سے زائد ہے۔ ان کے بقول ان کی سیلز میں اس وقت 6 گنا اضافہ ہو چکا ہے۔