لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ہماری قسمت میں مانگنا ہی رہ گیا ہے، کھانے والے تو نکل گئے کسی نے ملک نہیں سوچا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد نے وزیراعظم احساس ٹیلی تھون میں خصوصی پیغام دیتے ہوئے کیا۔
خصوصی پیغام کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب ہماری قسمت میں مانگنا ہی رہ گیا ہے، جب سے ہم دونوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا، شوکت خانم ہسپتال کے لیے ہم مانگتے ہی رہے۔
لیجنڈ بیٹسمین کا مزید کہنا تھا کہ کھانے والے تو نکل گئے کسی نے ملک کا نہیں سوچا لیکن اب پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ آزمائش کا سامنا ہے جس سے جلد نکل جائیں گے۔
وزیراعظم احساس ٹیلی تھون میں خصوصی پیغام دیتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میری وزیراعظم عمران خان سے گزارش ہے کہ میرے ساتھ ایک ملاقات کر لیں، میرے پاس بہت آئیڈیاز ہیں، ایک ایسی سوچ بھی ہے کہ پورے پاکستان کا قرضہ بھی اُتر جائے۔
وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ،عمران خان، آپ جانتے ہیں کہ میں کیلکولیٹر ہوں۔
ٹیلی تھون میں سابق پاکستانی بیٹسمین کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ کورونا وائرس ملک میں نہیں رُک سکتا، جب تک آپ اپنے آپ کو نہیں سمجھائیں گے اور سماجی فاصلہ رکھنا ہے باہر نہیں جانا، تب تک اس کا مقابلہ نہیں ہو سکتا۔
غریبوں کے حوالے سے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن کے دوران ملک میں غریبوں کے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں ہے، وہ کیا کریں گے۔