کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں صوبائی حکومت نے رجسٹرڈ مساجد کو رمضان المبارک میں معاونتی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ کو فوری طور پر پیکج کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کی مساجد میں نماز تراویح کے لیے علمائے کرام کے تعاون سے طے شدہ 20 نکاتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔ پابندی کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والے عادی افراد کو پی سی ایس آئی آر لیبارٹری میاں غنڈی میں بند کر کے ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ بلدیاتی اداروں اور حکومت کے دیگر محکموں کی ملکیتی دکانوں کے کرایہ داروں کو کرایہ کی مد میں دو ماہ کی چھوٹ دی جائے گی۔ پولیس عوام میں ماسک کے استعمال کے فوائد اجاگر کریگی اور ناکوں پر عوام کو حکومت کی جانب سے ماسک بھی فراہم کئے جائیں گے۔
بیرون ممالک پھنسے بلوچستان کے لوگوں کو وطن واپسی پر اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں قرنطینہ اور ٹیسٹ کی سہولت کی فراہمی کے لئے وفاق پنجاب اور سندھ حکومتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔