اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کے سامنے کورونا کے ساتھ معاشی چیلنجز بھی ہیں، کورونا وائرس نے معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے، عوام اس وقت بے روزگاری کا شکار ہیں، ہم ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ملکی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، عوام کو کورونا سے بچانا اور اس کے اثرات سے نبردآزما ہونا ہے، قومی رابطہ کمیٹی موجودہ صورتحال میں اہم فیصلےکرتی ہے، حکومت لاک ڈاؤن کے باعث عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کسی قسم کی پوائنٹ سکورنگ ہمارا مقصد نہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں، لاک ڈاؤن اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے برآمد ات متاثر ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے ترسیلات زر کا سلسلہ رک گیا۔