اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے تک کی ریکارڈ کمی کی گئی جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا، پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی بھی سستی ہو گئی۔
عوام کے لیے بڑی خوشخبری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے لٹر تک کی ریکارڈ کمی کی گئی ہے، 26 ماہ بعد پٹرول کی قیمت 90 روپے لٹر سے نیچے آ گئی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 27 روپے 15 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے 1پیسےفی لٹر کمی کی گئی ہے۔
پٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 47 روپے 51 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 10 پیسے ہو گئی۔ مٹی کا تیل 47 روپے 44 پیسے میں دستیاب ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی بھی سستی ہو گئی، قیمت میں 12 روپے 50 پیسے کمی کر دی گئی جس کے بعد قیمت 72 روپے فی لٹر ہو گئی، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بھی جلد قیمت کم ہونے کا امکان ہے۔
ادھر ایل پی جی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا، نئی قیمت 112 روپے مقرر کر دی گئی۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر میں 256 روپے اضافہ کیا گیا ہے، گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت ایک ہزار تین سو تئیس روپے ہو گئی، کمرشل سلنڈر کے دام بھی 983 روپے بڑھ گئے، نئی قیمت کا اطلاق ہو گیا ہے۔