لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کو الزامات کی سرکس قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے بعد رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ آٹھ کروڑ انکم ٹیکس دینے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کامضحکہ خیز الزام لگانے پر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ڈوب مرنا چاہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کے طورپر کروڑوں روپے کا قانونی استحقاق چھوڑنے والے شہبازشریف پر49 لاکھ کا الزام؟ کوئی شرم کوئی حیاء ہوتی ہے؟ اربوں کی بچت کرنے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کا الزام احتساب کے جنازے کی فاتحہ ہے، اربوں کھربوں کے الزامات لگانے والے اب 49 لاکھ کے الزام تک آپہنچے ہیں؟
لیگی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایف ایم جانے پر تو وزیراعظم عمران خان نے خود کشی نہیں کی لیکن عمران صاحب 49 لاکھ کے الزام پر آج خود کشی کرلیں کیونکہ ان کا کرپشن کا جھوٹا بیانیہ اب نہیں بک رہا، احتساب کے ٹھیکداروں کو چار چیلنج دئیے تھے، جن کا اب تک جواب نہیں آیا۔