اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے چینی تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی وزیر شبلی فراز اور شہزاد اکبر تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
فیڈرل انوسٹی گیشن کے ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم کو شوگر انکوائری کمیشن کی فرانزک رپورٹ پیش کرتے ہوئے انھیں اس معاملے پر بریفنگ بھی دی۔
خیال رہے کہ انکوائری کمیشن چینی سبسڈی کے معاملے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پیش ہو چکے ہیں۔
انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے لیے 25 اپریل کی پہلی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم کمیشن کی استدعا پر کابینہ نے مدت میں توسیع کی۔ توسیع کے بعد رپورٹ مئی کے تیسرے ہفتے میں آنی تھی لیکن ایک بار پھر مزید مہلت مانگی گئی جس کے بعد انکوائری کمیشن کو جمعرات تک کی مہلت دی گئی تھی۔