عید کے تیسرے روز بعض علاقوں میں رات کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی

Last Updated On 25 May,2020 09:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عید کا دوسرا دن بھی گرمی میں گزر گیا۔ آدھا دن لوگوں نے گھروں میں گزار دیا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود پارہ ہائی رہا اور کسی نے باہر کا رُخ نہ کیا۔ صرف نہر میں گرمی سے تنگ کچھ لوگ ٹھنڈک کی تلاش میں نکل آئے۔

عید کے دوسرے روز بھی گرمی جوبن پر رہی۔ ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت بلند رہا۔ عید پر لاک ڈاؤن نرم رکھا گیا، مگر گرمی زیادہ ہونے کے باعث لوگوں کی اکثریت باہر نہ نکلی۔

لاہور میں درجہ حرارت 43 اور کراچی میں 33 کو چھو گیا۔ دادو میں پارہ ہائی رہا اور 48، پڈعیدن میں 47، رحیم یار خان میں 46 ریکارڈ کیا گیا۔

جموں میں پارہ 40، بارہ مولہ اور اننت ناگ میں 26 درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ گرمی کا زور توڑنے کیلئے کچھ منچلے لاہور کی نہر میں ڈبکیاں لگاتے رہے۔ کچھ خاندان بھی کورونا کے ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پہنچ گئے۔

عید کا تیسرا روز بھی موسم کا حال بتانے والوں نے گرم اور خشک بتایا ہے لیکن بعض علاقوں میں رات کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔