لاہور: (دنیا نیوز) اگلے دو ہفتوں میں گرمی کی لہر ملک بھر کی طرح لاہورمیں بھی دیکھی جائیگی۔ آج بھی موسم خشک رہیگا تاہم شمالی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر میں اگلے 15 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، عید پر گرمی کی لہر ملک بھر میں دیکھی جائے گی۔ چیف میٹرولوجسٹ صاحبزادہ خان کا کہنا تھا لاہور پر بھی موسم مہربان نہیں ہوگا۔ شہر 21 مئی سے 26 مئی تک گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔
اس دوران درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ مغربی ہواﺅں کا سلسلہ اگلے 15 دن تک ملک میں نہ آنے سے عید پر بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم (آج) خشک اور گرم رہے گا۔ اتوار کو اسلام آباد میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ شام کو ابر آلود رہے گا۔
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔
تاہم بلوچستان میں لسبیلہ ،کشمیر اور مظفر آباد کے مقام پر بارش ہوئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لسبیلہ کے مشرقی و شمالی علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ روز ہونیوالی موسلا دھار بارش کے بعد برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔