محکمہ موسمیات کی پنجاب اور سندھ میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی

Last Updated On 16 May,2020 11:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے پنجاب اور سندھ کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کر دی، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جنت نظیر وادی میں موسم خشک رہے گا، سری نگر میں بارش کا امکان ہے۔

سندھ اور جنوبی پنجاب میں سورج کا پارہ ہائی، تپتی دھوپ اور لو کے تھپیڑوں نے لوگوں کو بے حال کر دیا، نوابشاہ اور دادو میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، سندھ کے وسطی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، ڈی جی خان میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج بادل چھلک سکتے ہیں۔

وادی جنت نظیر کشمیر میں موسم خشک رہے گا، جموں میں پارہ 35، بارہ مولہ میں 19 اور لیہہ میں 12 ڈگری رہے گا۔ سری نگر میں آج بارش کا امکان ہے، درجہ حرارت 24 سینٹی گریڈ رہے گا۔