اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں 3 روز کے لیے سیف ڈیز کا آغاز، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں آج سے تین روز کیلئے لاک ڈاؤن ہوگا، بلوچستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بازار اور مارکیٹیں پیر کو دوبارہ کھلیں گی، اسلام آباد میں بھی آج سے کاروبار تین روز کے لیے مکمل بند رہے گا۔ میڈیکل سٹور 24 گھنٹے، اشیائے ضروریہ کی دکانیں 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں، پابندیاں عارضی اقدام ہیں، کاروبار کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، معیشت بحال ہونے تک غریب اور نادار طبقے کی مشکلات بھی بڑھیں گی، ہمیں اپنے فیصلے زمینی حقائق اور عوام کی حالت زار دیکھ کر کرنے ہیں۔
وفاق نے صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے سے متعلق سفارشات بھی مانگ لی ہیں۔ صوبے آج نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ پنجاب نے سخت ایس او پیز کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی سفارشات مرتب کرلی ہیں، صوبوں کی سفارشات کی روشنی میں حتمی فیصلہ ہوگا۔