بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی بھی کورونا وائرس کا شکار، قرنطینہ میں چلے گئے

Last Updated On 14 May,2020 09:53 pm

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں، انہوں نے وبا میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

تفصیل کے مطابق بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جلد صحتیابی کے لیے دعاگو رہے۔ میں ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق قرنطینہ میں ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ صحتیابی کی جانب گامزن ہوں۔

 

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، فیصل ایدھی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور دیگر شامل ہیں۔