کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں وطن لانے کی اجازت

Last Updated On 14 May,2020 05:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے بیرون ملک کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی میتیں وطن لانے کی اجازت دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ میت منتقلی کے لئے سی اے اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔

سی اے اے نے تمام ائیرلائنز، چارٹرڈ فضائی کمپنیوں اور گراؤنڈ ہینڈلنگ اداروں کا آگاہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں میت کی فضائی منتقلی کے لئے سیل کردہ تابوت، مامور متعلقہ عملے کے لئے ڈس انفکیشن سمیت حفاظتی اقدامات لازمی کو قرار دیا گیا ہے۔

بیرون ملک سے میت مسافر طیارے کے کارگو یا کارگو طیارے میں لائی جا سکے گی۔ میت کو پاکستان لانے سے پہلے ائیرلائن، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 48 گھنٹے پہلے آگاہ کرے گی۔

متعلقہ عملے کو حفاظتی سوٹ، ماسک، گلوز، عینک اور فیس شیلڈ پہننا بھی ضروری ہوگا۔ ہوائی جہاز اور ائیرپورٹ پر میت رکھنے کی جگہ پر ڈس انفیکٹڈ سپرے کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

منتقلی کے لئے میت کو مخصوص کیمیکل میں بھگوئے دو کپڑوں میں لپیٹنا بھی ضروری ہوگا جبکہ میت منتقلی کے لئے جہاز میں دہری تہہ والے ڈس انفیکشن کنٹینر کا استعمال بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

میت منتقلی کے لئے متعلقہ مردہ خانے اور ملک سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا۔ دستاویزی کارروائی پر مبنی تمام ریکارڈ کا دستی یا بذریعہ ای میل فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا۔

میت منتقلی کے بعد متعلقہ طیارے اور عملے کی ڈس انفیکشن بھی ضروری ہو گی۔ میت متعلقہ ریکارڈ اوردستاویزات کے ساتھ مجاز حکام کے حوالے کی جائے گی۔ میت وصولی سے قبل جاں بحق شخص کی شناخت سمیت دستاویزات کی تصدیق کو بھی لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
 

Advertisement