کورونا سے صحتیابی: سرکاری افسر خوشی سے نہال، لوگوں پر نوٹ نچھاور

Last Updated On 14 May,2020 01:05 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پشاور میں کورونا سے صحت یاب سرکاری افسر خوشی سے نہال ہو گیا، بھنگڑے، خوشی میں لوگوں پر نوٹ نچھاور کیے۔

پشاور میں کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد شہری نے اس طریقے سے جشن منایا کہ سب کی توجہ کا مرکزبن گیا۔ سرکاری افسر نے کورونا سے صحت یاب ہونے پر ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، ٹاؤن ون کے ریونیو افسر ریاض اعوان نے بھنگڑے ڈال کر جشن منایا، رقص کے دوران نوٹ بھی نچھاور کئے، ریاض اعوان کے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

دوسری جانب کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 35 ہزار 788 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 33 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 770 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1452 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 13 ہزار 561، سندھ میں 13 ہزار 341، خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 252، بلوچستان میں 2 ہزار 239، گلگت بلتستان میں 482، اسلام آباد میں 822 جبکہ آزاد کشمیر میں 91 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 3 لاکھ 30 ہزار 750 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 51 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 ہزار 695 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔