اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کے علاج کیلئے موثر دوا کی چند ہفتے میں پاکستان میں مینوفیکچرنگ شروع ہو جائے گی، دوا کا نام ری میڈیسویر ہے، دوا انجکشن کی صورت میں ہے۔
معاون خصوصی صحت ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا امریکا میں کورونا کے حوالے سے ایک دوا بنائی گئی ہے، امریکا کی تیار کردہ دوا کے صحت افزا نتائج ملے، پاکستان سے یہ دوا 127 ممالک کو ایکسپورٹ کی جاسکے گی، ریمڈیسویر کے استعمال سے مرض کی شدت میں 30 فیصد کمی آئی، 6 سے 8 ہفتے تک کورونا کے علاج کیلئے دوا تیار ہوسکے گی، وزیراعظم نے کمپنی کو آمادہ کیا کہ یہ دوا پاکستان میں تیار ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا مریضوں کیلئے فیس ماسک کا استعمال ضروری ہے، کورونا کیخلاف فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ ضروری ہے، کورونا کی ویکسین ہے نہ کوئی موثرعلاج، کورونا وارڈز میں عملے کا حفاظتی کٹس پہننا لازمی ہے، طبی عملے کی تربیت کا انتظام کر رہے ہیں، طبی عملے کی تربیت کا ویڈیو لنک کے ذریعے اہتمام کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی صحت نے مزید کہا جیلی ایٹ نے دنیا بھر کی 5 کمپنیوں کو تیاری کا لائسنس دیا ہے، جیلی ایٹ کی تیار کردہ دوائی پاکستان میں بھی تیار کی جاسکے گی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بعد کمپنی دوا بنائے گی، امریکی کمپنی گیلیڈ نے دنیا بھر کی 5 کمپنیوں کو تیاری کا لائسنس دیا ہے، گیلیڈ کی تیار کردہ دوائی پاکستان میں بھی تیار کی جاسکے گی۔