ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا

Last Updated On 15 May,2020 12:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی، آج بالائی خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بارش کے بعد درجہ حرارت مزید کم ہوگیا، جموں میں پارہ 25، سری نگر میں 24 اور لیہہ میں 23 ڈگری رہے گا۔

ملک کے کئی شہروں میں بارش کے بعد آج گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔ سندھ کے میدانی علاقوں میں پارہ ہائی رہے گا، درجہ حرارت 40 سے 44 کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ کراچی میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی، بلوچستان کے شہروں سبی اور تربت میں گرمی عروج پر ہوگی جبکہ کوئٹہ میں موسم خوشگوار رہے گا۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش سے پارہ مزید گر گیا۔ آج جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25، سری نگر 24 اور لیہہ میں 23 ڈگری رہے گا، اننت ناگ اور بارہ مولہ میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔
 

Advertisement