اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی اعلیٰ مثال ہے، کورونا جیسے حساس معاملے پر صرف بیان بازی، کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، مرتضیٰ وہاب بتائیں 8 ارب کا راشن غائب کرنے کا حساب کون دے گا ؟۔
رہنما تحریک انصاف شہباز گل نے مرتضی وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تھر میں بھوک سے اموات، شہر قائد میں کچرے کے ڈھیر اور سکولوں کی حالت ابتر ہے، ان سب کا ذمہ دار کون ہے ؟ سندھ میں 93 ہزار کتوں کے کاٹنے کے واقعات اور ویکسین کی عدم دستیابی پر مرتضیٰ وہاب کسے قصوروار ٹھہراتے ہیں ؟ وفاق نے صحت کی سہولیات اور روزگار کے تحفظ کیلئے 1200 ارب کا پیکج دیا۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق اپریل 2020 تک سندھ میں 1351 ایڈز کے کیسز سامنے آئے، ان متاثر افراد میں اکثریت بچوں کی ہے لیکن ابھی تک سندھ حکومت نے فنڈز جاری نہیں کیے، تھر میں بھوک سے 1300 سے زائد بچوں کی اموات ہوئی، ان کا زمہ دار کون ہے؟ پیپلزپارٹی کی مثالی حکومت میں سندھ کی ترقی دیکھیں، ایمبولینس سے وینٹیلیٹرز تک سب غائب ہے، ان سب نااہلیوں کے باوجود کوئی سوال کرے تو سندھ کارڈ سامنے آجاتا ہے۔