'کورونا دنیا کیلئے چیلنج، اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا'

Last Updated On 11 May,2020 06:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا پوری دنیا کیلئے چیلنج، اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا، وائرس سے نمٹنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس ایک چیلنج ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا نے تباہی مچا دی، حکومت نے اپوزیشن کی رائے کو مقدم سمجھتے ہوئے اجلاس بلایا، کورونا کے باعث عالمی سطح پر بحرانی صورتحال کا سامنا ہے، کورونا وائرس 209 ممالک تک پھیل چکا ہے، وبا آنے کے بعد کوئی بھی ملک فوری طور پر اس سے نہیں نمٹ سکتا، کورونا سے امریکا، برطانیہ، اٹلی جیسے ممالک میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کورونا نے ترقی یافتہ ممالک کو بھی ہلا کر رکھ دیا، دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا نے اتنا بڑا بحران نہیں دیکھا، پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو تشخیص ہوا، پہلا کیس آنے کے بعد ہماری ٹیسٹنگ استعداد 100 تھی جو اب ہزار ہوچکی، 70 کے قریب لیبارٹریز ہیں جہاں ٹیسٹنگ کی سہولتیں ہیں، جنوبی ایشیا میں پاکستان کی ٹیسٹنگ صلاحیت سب سے زیادہ ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا سندھ میں 12 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، صحت کا نظام پاکستان میں کمزور ہے لیکن ہم نے وقت پر اقدامات کیے، ن لیگ پنجاب میں مسلسل 10 سال اقتدار میں رہی، صحت کا نظام پاکستان میں کمزور ہے لیکن ہم نے وقت پر اقدامات کیے۔
 

Advertisement