لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی ہلاکتوں کے بعد نت نئے انکشافات سامنے آئے ہیں جن میں کہا گیا کہ مردوں سے بھی بیماری انسانوں میں منتقل ہوتی ہے، اسی حوالے سے کولمبیا سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک ایسا کارڈ بورڈ کا بیڈ تیار کیا گیا ہے جو کہ مریض کے مرنے کے بعد تابوت میں باآسانی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ مہلک وباء سے ابھی بھی ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے۔
اس بات سے تو ہم سب ہی واقف ہیں کہ وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک اور دستانے پہننے کی تجویز دی جارہی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں اس کی قلت کا بھی سامنا دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی میت کو بھی احتیاط برتتے ہوئے تابوت میں دفنایا جا رہا ہے کیوں کہ کورونا مرے ہوئے انسانوں میں بھی چند گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد اور ہلاکتوں کے پیشِ نظر تابوت اور ہسپتالوں میں بیڈ کی کمی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حال ہی میں کولمبیا کی ایک کمپنی نے اس مسئلے کا بھی حال نکال لیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آکولمبین ایڈورٹائزنگ کمپنی کی جانب سے ایک ایسا کارڈ بورڈ کا بیڈ تیار کیا گیا ہے جو کہ مریض کے مرنے کے بعد تابوت میں باآسانی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے مالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ اقدام اس لیے کیا کیونکہ موجودہ صورتحال میں بہت سے غریب خاندان اپنے پیاروں کی میت کے لیے لکڑی کا تابوت نہیں خرید سکتے تھے اور وہ اپنے پیاروں کی میتیں عطیہ کیے جانے والے کارڈ بورڈ کے تابوت میں دفنارہے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے شروعات میں اس طرح کے 10 بیڈز عطیہ بھی کیے گئے ہیں جنہیں باآسانی تابوت میں تبدیل کیاجا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ کمپنی اشتہارات سے متعلق کام سرانجام دیتی ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے کمپنی کا تمام تر کام ٹھپ ہوجانے کی وجہ سے انہوں نے فی الحال یہ بیڈز بنانے کا فیصلہ کیا۔