کورونا صورتحال پر بلائے گئے قومی اسمبلی اجلاس میں ایس او پیز نظر انداز

Last Updated On 11 May,2020 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، امجد نیازی اور شیخ روحیل اصغر سمیت کئی ارکان نے ماسک ہی نہیں پہنے، سماجی فاصلے کی بھی خلاف ورزی، ڈپٹی اسپیکر ارکان کو ہدایات دیتے ہی رہ گئے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کی جانب سے احتیاطی تدابیر نظر انداز کرنے پر ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکان سے گزارش ہے کہ سماجی فاصلہ رکھیں اور ماسک پہنیں، اگر ارکان کو مجلس کرنی ہے تو باہر جاکر کریں۔

اس سے قبل ڈپٹی سپیکر کا پارلیمنٹ میں کوویڈ-19 کے اجلاس کی تیاریوں بارے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں اراکین کے کورونا ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ انٹری پر ڈیجیٹل مشین لگائی گئی ہے جو سب کا ٹمپریچر لیتی ہے۔ اگر کوئی رکن بغیر ماسک کے داخل ہوگا، مشین اس کی شناخت کرے گی۔ تمام اراکین کو قومی اسمبلی ہال داخلے کے وقت ماسک، گلووز اور سینیٹائزر فراہم کئے جائیں گے۔

قاسم سوری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں صرف کورونا کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔ جن اراکین نے بولنا ہوگا، تمام سیاسی جماعتیں ان کا نام دیں گی۔ ایوان میں اراکین فاصلے پر بیٹھیں گے۔

 

Advertisement