ملک بھر میں ہفتے سے محدود فضائی آپریشن بحال کرنے پر غور

Last Updated On 14 May,2020 11:59 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا وہ عوام اور ملک کے بہتر مفادات میں جمہوری فیصلے کر رہے ہیں۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا روایتی کردار دیکھ کر افسوس ہوا، اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس پر سیاست کرنے کی بجائے وبا کی روک تھام کیلئے اٹھائے حکومتی اقدامات میں کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور اس سے نمٹنے کیلئے ٹھوس تجاویز دیں، ملک میں 16 مئی سے محدود فضائی آپریشن بحال کرنے کا ارادہ ہے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کی صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی لئے قومی رابطہ کمیٹی کا فورم بنایا گیا، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ تمام فیصلے متفقہ طور پر کئے جائیں اور وہ ہو رہے ہیں۔