اٹھارویں ترمیم آئین کا حصہ مگر اس میں تبدیلی کی گنجائش موجود ہے: شفقت محمود

Last Updated On 13 May,2020 02:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے کورونا کے بجائے حکومت کو ہدف بنایا، پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بہت کم ہے، اسکول بند کرنے کا فیصلہ سب کی مشاورت سے کیا، اٹھارویں ترمیم آئین کا حصہ ہے مگر اس میں تبدیلی کی گنجائش موجود ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھاکہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کیسز سامنے آنے پر حکومت پر بلاجواز تنقید شروع کر دی، حالانکہ ہمارے ملک میں کورونا کی صورتحال ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو مورد الزام ٹھہروانے والوں نے غریب عوام کا کبھی نہیں سوچا جو لاک ڈاون کے دوران بھوک جیسی مشکل صورتحال سے دوچار تھے، وزیراعظم عمران خان ملک میں کورونا کی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانٹیر کر رہے تھے۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ کورونا کے دوران صوبوں سے تعاون نہیں کیا، حالانکہ ہم 18 ویں ترمیم کا بھرپور احترام کرتے ہیں کیونکہ یہ آئین کا حصہ ہے۔ حکومت نے اسکول بند کرنے کا فیصلہ سب کی مشاورت سے کیا۔ کورونا وائرس سے متعلق پارلیمنٹ کے ورچوئل اجلاس کی سفارش حکومت نے کی تھی جسے کورونا لاک ڈاون پر لیکچر دینے والوں نے مسترد کر دیا۔