اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے پاکستان مسلم لیگ کے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کردیا، 20 سال پرانے کیسز کس کے کہنے پر کھولے گئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق نے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا، نیب کے معاملے پر مسلم لیگ ق نے وزیراعظم سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو مسلم لیگ ق کے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے، کیا چیئرمین نیب نے خو د سے اقدام اٹھایا یا کسی کے کہنے پر کیا، تحقیقات کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ معاملے کی چھان بین کروا کے آپ سے دوبارہ رابطہ کروں گا، ہم نے مطالبہ کیا کہ بتایا جائے کہ بار بار پرانے کیسوں کو کس لئے کھولا جاتا ہے، پورا ملک اس وقت کورونا کی ایمرجنسی میں ہے، ایسے وقت میں چیئرمین نیب پرانے معاملات کیوں کھول رہے ہیں۔