اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کرکے انھیں ٹائیگر فورس متحرک کئے جانے کے بعد پہلی رپورٹ پیش کی۔
عثمان ڈار نے صوبائی حکومتوں کے تعاون اور اعدادوشمار پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ رجسٹرڈ نوجوان محنت اور لگن کے ساتھ دی گئی ذمہ داریوں کو نبھا رہے ہیں۔ یونین کونسل کی سطح پر ٹائیگر فورس کی جانب سے بے روزگار افراد کی رجسٹریشن میں بھی مدد ملی۔ صوبوں سے موصول ہونے والی رپورٹس تسلی بخش اور حوصلہ افزا ہیں۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے سندھ حکومت کی جانب سے عدم تعاون کی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں ایک لاکھ 54 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہیں لیکن حکومت تعاون نہیں کر رہی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے متعلق رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے معاون خصوصی کو صوبائی سطح پر کوارڈینیشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ملک بھر میں مرحلہ وار متحرک کرنے کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔ ذرائر کے مطابق سندھ میں رجسٹرڈ نوجوانوں سے متعلق اہم فیصلہ ایک دو روز میں متوقع ہے۔