لاک ڈاؤن کورونا وائرس وبا کے خلاف وقتی عمل ہے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 11 May,2020 08:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا کے خلاف وقتی عمل ہے، بین الاقوامی طور پر اس امر کا ادراک کیا جا رہا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا وائرس پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں انھیں وبائی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ملک میں اس کے مصدقہ کیسز اور متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سامان کی فراہمی اور ان کیلئے دیگر سہولیات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیوں اور حفاظتی اقدامات کے درمیان توازن برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال اور عوام کے مسائل کو مدنظر رکھ کر لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی گئی ہے۔ بین الاقوامی طور پر اس امر کا ادراک کیا جا رہا ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا کے خلاف وقتی عمل ہے۔

عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ کورونا کے ٹیسٹ کے حوالے سے بعض حلقوں میں خدشات کو دور کیا جائے۔ عوام کو ترغیب دی جائے کہ وہ بذات خود علامات کی صورت میں ٹیسٹ کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ گھر پر قرنطینہ اختیار کرنے کے حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کی جائیں۔

 

Advertisement