مشکل کی گھڑی میں وزیراعظم لاپتہ، ملک کون چلا رہا ہے: شیری رحمان

Last Updated On 12 May,2020 12:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں وزیراعظم لاپتہ ہیں، کہاں ہیں عمران خان، ملک کون چلا رہا ہے، کورونا کیخلاف تمام حکومتی اقدامات مبہم ہیں، لاک ڈاؤن سے متعلق کچھ واضح نہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے 18 ویں ترمیم دے کر کوئی گناہ کر دیا، روز اخلاقیات کا جنازہ نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا تاریخ میں پہلی بار مہلک وبا کا سامنا کر رہے ہیں، یہ ایسا وقت ہے جہاں ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی پر حکومت کا پیغام واضح نہیں ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا لاک ڈاؤن میں سب کچھ کھل گیا، کوئی ایس او پی نہیں ہے، کیسا لاک ڈاؤن ہے لوگ عید کی شاپنگ کر رہے ہیں، حکومت نے کورونا سے متعلق کوئی پالیسی نہیں دی، ہمیں کورونا سے نمٹنے کے اقدامات پر فوکس کرنا چاہیئے، ہم نہیں جانتے حکومت کی پالیسی کیا ہے، ہوسکتا ہے 50 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہو جائے، اپوزیشن سے متعلق حکومتی رویہ افسوسناک ہے۔