لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

Last Updated On 11 May,2020 09:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ پنجاب، شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں مزید بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ جہلم، پنڈادنخان، منڈی بہاءالدین، پھالیہ، مریدکے، دریا خان، داؤد خیل اور صوابی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل جم کر برسے۔

مظفرگڑھ اور کوٹ چھٹہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ لاہور میں رات کے وقت آندھی اور گرد آلود ہواؤں نے فضا کو آلودہ کئے رکھا۔

موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وسطی اور جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر کے اکثر علاقوں میں خشک موسم کا راج رہا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر، جموں اور اننت ناگ میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ بارہ مولہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

لیسکو ریجن میں تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔ آندھی اور طوفان کے باعث 158 سے فیڈروں سے بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی۔

فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ عملہ پوری طرح سے الرٹ ہے۔ طوفان رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ خود صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ شدید طوفان کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے۔
 

Advertisement