لاہور سمیت مختلف شہروں میں آندھی اور موسلادھار بارش

Last Updated On 05 April,2020 06:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، شیخوپورہ، خوشاب، پنڈی بھٹیاں اور حافظ آباد سمیت متعدد شہروں میں طوفانی بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں ژالہ باری سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔

مری اور گلیات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ شیخوپورہ میں شدید آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ خوشاب اور جوہر آباد تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے سے وادی سون میں موسم سرد ہو گیا۔

بھلوال، پنڈی بھٹیاں اور خانقاہ ڈوگراں میں بھی طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔ حافظ آباد، پھالیہ، وزیر آباد اور سکھیکی میں بھی بادل جم کر برسے۔

ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ لکشمی چوک، دھرم پورہ، ایبٹ روڈ، چونگی امرسدھو، گلبرگ، اچھرہ، مزنگ، مال روڈ، گلشن راوی، غالب کالونی اور نیو شالمار ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
 

Advertisement