سیہون: (دنیا نیوز) سندھ کے پرفضا مقام گورکھ ہل اسٹیشن جس کی خوبصورتی دل کو چھولیتی ہے، عیدالفطر پر سیاحوں کی بڑی تعداد پابندی کے باوجود یہاں پہنچی اور خوبصورت نظاروں کا مزہ اٹھایا۔
سندھ کا گورکھ ہل اسٹیشن خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے جہاں سیاح کھنچتے چلے آتے ہیں، اسے سندھ کا کوہ مری کہنا بھی غلط نہیں۔ بلند ترین حسین مقام سے پرلطف نظاروں کا مزہ ہی اپنا ہے۔ آلودگی سے پاک آب و ہوا اور خوبصورت قدرتی مناظرسیاحوں کا دل موہ لیتے ہیں، پرشکوہ نظارے نگاہوں کو مبہوت کر دیتے ہیں۔
خوبصورت تفریحی مقام سندھ ہل ڈولپمنٹ اتھارٹی اور صوبائی حکومت کی عدم توجہ کا شکار ہے، سیاحوں کو سہولیات کے فقدان کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملک بھر سے سیاح بڑی تعداد میں عید پر سیر وتفریح کیلئے گورکھ ہل اسٹیشن پہنچے اور ہلا گلا کیا۔