پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے صوبے میں کورونا سے متاثرہ علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈان کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ایس او پیز پر عمل نہ ہوا وہاں کارروائی ہوگی، ضرورت پڑنے پر پاک فوج سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔
مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 12 ہزار یونٹس کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 437 پیٹرول پمس کو بند کیا گیا، زیادہ کیسز والے علاقوں میں لاک ڈائون کی طرف جائیں گے، لاک ڈاؤن میں نرمی کا مقصد کاروبار جاری رکھنا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 54 ہزار 138، سندھ میں 53 ہزار 805، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 13، بلوچستان میں 8 ہزار 177، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129، اسلام آباد میں 8 ہزار 569 جبکہ آزاد کشمیر میں 647 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 97 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 85 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 53 ہزار 721 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 31، سندھ میں 831، خیبر پختونخوا میں 675، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔