پاکستان کا طورخم اورچمن کوٹرانزٹ تجارت کیلئے ہفتہ میں6دن کھولنے کا فیصلہ

Last Updated On 20 June,2020 10:07 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے افغانستان کے ساتھ طورخم اورچمن کو ٹرانزٹ تجارت کے لیے ہفتہ میں6دن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرازق داﺅد نے کہا ہے کہ ہفتہ کو افغانستان کے سفیر عاطف مشعل سے ملاقات کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ملاقات کے دوران طورخم اور چمن کو ٹرانزٹ تجارت کیلئے ہفتہ میں چھ دن کھولنے کے حکومتی فیصلہ سے افغان سفیر کو آگاہ کیا گیا۔

مشیر تجارت نے افغان سفیر کو دو طرفہ تجارت سے متعلق تمام مسائل کو جلد حل کرنے کی پاکستان کی خواہش کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مشیر تجارت نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ تیسرا تجارتی راستہ غلام خان بھی کھولا جا رہا ہے تاکہ بیک لاگ ختم کیا جا سکے۔ 22 جون سے کووڈ-19 کو مد نظر رکھتے ہوئے افغانی درآمدات کو بھی تینوں کراسنگ پوائنٹ سے اجازت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ افغان سفیر نے رواں سال جولائی اگست میں تجارتی وفد کے ساتھ افغانستان کے دورہ کی دعوت دی ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان افغانستان ٹرانزٹ تجارت معاہدہ کے حوالہ سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر بھی بات چیت ہوئی ہوئی ہے۔

عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ افغانستان کے راستے غیر قانونی درآمدات روکنے کیلئے مزید حفاظتی اقدامات پر بھی زور دیا گیا ہے۔