سورج پھر سے کرنیں بکھیرنے لگا، صبح سے لگا گرہن اختتام پذیر

Last Updated On 21 June,2020 01:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رواں سال کا پہلا سورج گرہن ختم ہو گیا، چاند نے کراچی میں‌ سورج کو 3 گھنٹے 20 منٹ اور لاہور میں‌ 3 گھنٹے 22 منٹ تک چھپائے رکھا.

کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سورج گرہن ختم ہوگیا۔ کراچی میں سورج گرہن کا آغاز 9 بج کر 26 منٹ پر ہوا تھا اور اختتام  12 بج کر 46 منٹ پر ہوا جبکہ اس کی شدت 91.59 فیصد رہی، سورج گرہن کا دورانیہ 3 گھنٹے 20 منٹ رہا۔ لاہور میں سورج گرہن صبح 9.48 منٹ پر شروع ہوا تھا، گرہن نے سورج کو 3 گھنٹے 22 منٹ تک 91 فیصد چھپائے رکھا۔

 ماہرین کا سورج گرہن کے حوالے سے کہنا تھا کہ براہ راست دیکھنے سے آنکھیں متاثر ہو سکتی ہیں، سال کا طویل ترین دن 21 جون اور ساتھ ہی پہلا سورج گرہن بھی، دنیا بھر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں با آسانی دیکھا گیا۔ رنگ آف فاٗر دیکھنے کے لیے شہری بھی بے تاب دکھائی دیئے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ سورج گرہن کو براہ راست یا ایکسرے فلم کے ذریعے دیکھنا آنکھوں کو متاثر کرسکتا ہے۔ انہوں نے گھروں سے غیر ضروری باہر نکلنے ، گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشوں کو دیکھنے سے بھی منع کیا تھا کیوں کہ سورج کی شعاعیں شیشوں سے منعکس ہوکر آنکھ کو متاثر کرسکتی ہیں۔

طبی ماہرین نے ہدایت دی تھی کہ سورج گرہن کو دیکھنے کے لیے مخصوص حفاظتی چشمے کے ذریعے دیکھا جائے، کیمرے کےلیے بھی خصوصی طور پر تیارکردہ فلٹر کا استعمال کیا جائے۔