اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے میں کمی لانے کا معاملہ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کر دئیے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی الزامات عملے میں کمی کے لئے محض بہانہ ہیں۔ پاکستان ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے بھارتی الزامات یکسر مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کہا کہ ہم ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور سفارتی اصولوں کے دائرہ کار میں رہتے ہیں۔ ایسے الزامات بھارتی ہائی کمیشن کی اسلام آباد میں غیر قانونی سرگرمیاں چھپا نہیں سکتے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان نے بھی بھارتی ہائی کمیشن کے عملے میں 50 فیصد کمی کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے انڈین ناظم الامور سے 7 روز میں اس فیصلے پر عمل کرنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت جنوبی ایشیا کا امن داؤ پر لگانے کے بجائے اندرونی معاملات پر توجہ دے۔ ایسے الزامات مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔